ملک بھر میں 7 لاکھ گوگل کروم بکس فراہم کرنے کا اعلان
اسلام آباد: حکومت نے طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک اہم اقدام کا اعلان کرتے ہوئے ملک بھر کے طلبہ میں 7 لاکھ گوگل کروم بکس تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے کا مقصد طلبہ کو ڈیجیٹل تعلیم کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور ٹیکنالوجی کے ذریعے تعلیمی مواقع میں اضافہ کرنا ہے۔
انہوں نے نوجوانوں کو ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام جدید تعلیم کے فروغ اور مستقبل کی تیاری کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔ رانا مشہود کے مطابق کروم بکس کی تقسیم مرحلہ وار اور شفاف طریقہ کار کے تحت کی جائے گی تاکہ تمام تعلیمی اداروں اور طلبہ کو مساوی مواقع میسر آ سکیں۔
چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے مزید بتایا کہ اس منصوبے کے تحت ایک قومی مانیٹرنگ سسٹم بھی متعارف کرایا جائے گا، جس کے ذریعے کروم بکس کے مؤثر استعمال اور تعلیمی نتائج کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا۔

